حمزہ شہباز لاہور میں تاجروں سے بھتہ لیتے تھے ، شہباز گل کا الزام 

234

فیصل آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار میں آکر کوئی اثاثے نہیں بنائے، دنیا میں مہنگائی کی وجہ سے عوام پر بوجھ بڑھ گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کارکنان کی بات سننے کی ہدایت کرتے ہیں اور ہمارے کارکن ہی ہمارا فخر ہیں، کارکنوں کی وجہ سے آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی حکومت ہے۔

ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ حکومت کے خلاف آج تک کسی کرپشن کا ٹھوس ثبوت نہیں آیا اور آج تک عمران خان کے خلاف کرپشن کا الزام نہیں لگا۔ عمران خان کے پاس کوئی مقصود چپڑاسی نہیں اور عمران خان کے نام کوئی مل بھی نہیں ہے۔شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار میں آکر کوئی اثاثے نہیں بنائے البتہ نیچے سے آنے والوں میں اقتدار کی بھوک ہوتی ہے۔ عمران خان نے ہمیشہ کرپشن کرنے والوں کےخلاف آواز اٹھائی۔

دنیا میں مہنگائی کی وجہ سے عوام پر بوجھ بڑھ گیا ہے،انہوں نے الزام عائد کیا کہ حمزہ شہباز لاہور میں تاجروں سے بھتہ لیتے تھے جبکہ شہباز شریف کی جگہ جیل ہے چاہے وہ سال یا دو سال بعد جائیں۔ شہباز شریف نے گزشتہ روز ایف آئی اے عدالت میں جھگڑا بھی کیا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف جب تک مقصود چپڑاسی کا جواب نہیں دیتے اسمبلی میں تقریر کر کے دکھائیں کیونکہ چند ہزار تنخواہ لینے والے مقصود چپڑاسی کے اکاﺅنٹ میں 4ارب روپے آئے،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اوران کے بیٹے نے مختلف اکاﺅنٹس میں 16ارب روپے ڈالے اور پہلے یہ ملک قیوم کو فون کر کے مرضی کے فیصلے لیتے تھے اور عدالت میں ان لوگوں نے ایف آئی اے کے وکلا سے لڑائی بھی کی۔