قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

297

مگر کیا بنے گی اْن پر جب ہم انہیں اْس روز جمع کریں گے جس کا آنا یقینی ہے؟ اس روز ہر شخص کو اس کی کمائی کا بدلہ پورا پورا دے دیا جائیگا اور کسی پر ظلم نہ ہوگا۔ کہو! خدایا! مْلک کے مالک! تو جسے چاہے، حکومت دے اور جسے چاہے، چھین لے جسے چاہے، عزت بخشے اور جس کو چاہے، ذلیل کر دے بھلائی تیرے اختیار میں ہے بیشک تو ہر چیز پر قادر ہے۔ رات کو دن میں پروتا ہوا لے آتا ہے اور دن کو رات میں جاندار میں سے بے جان کو نکالتا ہے اور بے جان میں سے جاندار کو اور جسے چاہتا ہے، بے حساب رزق دیتا ہے۔(سورۃ آل عمران:25تا27)

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص کسی مصیبت کی وجہ سے موت کی تمنا ہرگز نہ کرے اگر اسے ضرور کچھ کہنا ہی ہے تو یوں کہے اے اللہ! جب تک میری زندگی میرے لیے بہتر ہے مجھے زندہ رکھ اور جب موت میرے لیے بہتر ہو تو مجھے موت دے دے۔ (بخاری، مسلم، ترمذی، نسائی، ابو داؤد)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: وہ آدمی ہم میں سے نہیں ہے جو چھوٹوں کا خیال نہیں رکھتا، بڑوں کی عزت نہیںکرتا، نیکی کا حکم نہیں دیتا اور برائی سے منع نہیں کرتا۔ (ترمذی)