عوام کا اعتماد اٹھ گیا ، عمران خان کو حساب دینا ہوگا ، بلاول زرداری

276
ملتان: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کوٹ ادو(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اختلافات کے باوجود عمران خان کو نکالنے کیلیے پوری اپوزیشن متفق ہے، حکومت سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا، عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے، عمران خان کو اب حساب دینا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کوٹ ادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی سے نکل کر سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے، پورے پنجاب سے ہوتے ہوئے ہمارا مارچ اسلام آباد پہنچے گا، ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد ہے عوام کے پاس جانا ہے اور ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، عوام کا معاشی قتل عام کیا جارہا ہے ہر طبقہ کو قتل کیا جارہا ہے، اس ملک کے کسانوں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، اس حکومت کی نالائقی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے۔بلاول زرداری نے کہا کہ اب تمام مسائل کا حل عمران خان کا جانا ہے، عمران خان سے اب عوامی حساب لیا جائے گا، پیپلزپارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، عوام کا اس حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے، پیپلزپارٹی نے ہی پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تھی، اختلافات اپنی جگہ اس بات پر ہم سب متفق ہیں کہ عمران خان کو تو اب جانا ہے، پی ڈی ایم کی بنیاد رکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ یہی تھا خان صاحب کو ہر صورت ہٹانا ہے، ظالم حکمرانوں کیخلاف اعلان جنگ یہ ہی وقت کا مطالبہ ہے، میں امید کرتا ہوں اپوزیشن ایک پوائنٹ پر آئے گی۔