کراچی:کار پر فائرنگ، پی ایس پی کا کارکن جاں بحق

278
کراچی:کار پر فائرنگ، پی ایس پی کا کارکن جاں بحق

کراچی: نارتھ کراچی میں ایک کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں پاک سر زمین پارٹی(پی ایس پی)کا سرگرم کارکن جاں بحق ہو گیا۔ڈسٹرکٹ سینٹرل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس معروف عثمان کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نارتھ کراچی میں پیلا سکول کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق پیلا سکول کے قریب ایک کار نمبر اے ٹی کے 173 پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار سلمان عرف کمانڈو جاں بحق ہو گیا جبکہ کار میں سوار خاتون بال بال بچ گئی اور ایک بچہ پا ﺅں میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ایس ایس پی معروف عثمان نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ 3 ملزمان 2 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، جن میں سے 1 ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے پستول کے 8 خول برآمد ہوئے ہیں، 36 سالہ مقتول سکول ٹیچر بتایا جاتا ہے۔ مقتول پاک سر زمین پارٹی کے لیے علاقے میں کام کرتا تھا۔ایس ایس پی معروف عثمان جائے وقوع پر پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے شواہد جمع کرنے کے کام کا معائنہ کیا۔پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات لیے جا رہے ہیں جبکہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔