خیبرپختونخوا میں حساس پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی پر خاص توجہ دی جائے، الیکشن کمیشن 

425
خیبرپختونخوا میں حساس پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی پر خاص توجہ دی جائے، الیکشن کمیشن 

پشاور: خیبرپختونخوا میں ری پولنگ، حساس پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور زیادہ پولنگ اسٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے اور پولیس سمیت دیگر سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔

 سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے پشاور میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے دفتر میں 13فروری کو ہونیوالے ری پولنگ کے حوالہ سے انتظامات جائزہ اجلاس سے خطاب کیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس عثمان ، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، الیون ہیڈکوارٹرز سے لیفٹنٹ کرنل حیدر زمان او لیفٹیننٹ کرنل اشتیاق، میجر جواد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی سے کیپٹن (ر) عبدالسعید، صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا محمد رازق، ڈی جی الیکشن کمیشن شریف اللہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 220کے تحت انتظامیہ الیکشن کمیشن کے ساتھ انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت کی پابند ہے لہذا اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام، ووٹروں، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں انتخابی عمل میں حصہ لینے کیلئے بھی یکساں مواقع مہیا کئے جائیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں کچھ اضلاع میں پولنگ اسٹیشنوں پر ناخوشگوار واقعات ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہاں پولنگ روکی گئی تھی اوراب صوبے کے 12اضلاع جن میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں میں 237پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ 13فروری کو ہورہی ہے۔ اسی طرح جن کونسلوں میں امیدواروں کی رحلت کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے تھے وہاں بھی نئے انتخابات 13فروری کو ہوں گے اور اس میں چارسدہ، مردان، کوہاٹ، لکی مروت، ڈی آئی خان اور باجوڑ کے مجموعی طور پر 331پولنگ اسٹیشن شامل ہیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر عمل در آمد یقینی بنائیں تاکہ یہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوسکیں۔