صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کاجائزہ اجلاس

194

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے اندر سکولوں میںاچھے معیار کے فرنیچر کی فراہمی جاری ہے اب کوئی بھی بچہ ٹاٹ پر نہیں بیٹھے گا جبکہ اسی طرز پر ضم شدہ اضلاع کے تمام سکولوں میں بھی سنٹرلائیزڈ ٹینڈر کے ذریعے فرنیچر دیں گے. جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں. ڈیمانڈ کے تحت ضم شدہ تمام اضلاع کے 3لاکھ 81ہزار 6سو 97 طلباء و طلبات کو  فرنیچر دیا جائے گا جس کے لیے 871 ملین سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ طلباء کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ہر کلاس میں معیاری فرنیچر اور میرٹ پر تعینات قابل اور ذہین اساتذہ میسر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری تعلیم یحییٰ اخونزادہ، ایڈیشنل سیکریٹری عبدلاکرم،  ایڈیشنل سیکریٹری ریفارمز اشفاق احمد، ڈائریکٹر تعلیم حافظ محمد ابراہیم اور محکمہ تعلیم کے دیگرافسران نے میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ ضم اضلاع میں فرنیچر کی خریداری سنٹرلائیزڈ نظام کے تحت ہوگی اور ضم شدہ اضلاع کے پہلے سے شائع شدہ تمام فرنیچر ٹینڈرز جلد از جلد منسوخ کیئے جائیں۔  وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کے لئے سکول لیڈرز کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کے لیے اشتہارشائع کرنے کی منظوری دی۔ 

انہوں نے کہا کہ سکول لیڈرز کی تعیناتی سے درس و تدریس کے نظام میں بہتری یقینی ہو جائے گی۔  بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں فرنیچر کی فراہمی کا عمل جاری ہے اور محکمہ تعلیم کی طرف سے نوٹیفائیڈ انسپکشن کمیٹیوں نے کوالٹی انسپکشن کا عمل شروع کیا ہے۔

وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ فرنیچر کی فراہمی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز  اپنی کارگردگی رپورٹ بھیجا کریں۔  وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور مختلف سکولوں کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔