پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی

271

کراچی: احتساب عدالت نے پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر نے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی درخواست پر جواب دینے کے لئے مہلت طلب کرلی۔عدالت نے ریفرنس کی سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی، عمران الحق نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد ریفرنس ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست دائر کر رکھی ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی  نے کہاکہ اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ سب سے نااہل کرپٹ ترین حکومت سے عوام کی جان چھڑائے، کوئی نیا تجربہ یا الائنس نہیں ہے، تمام اپوزیشن جماعتیں بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کرتی ہیں۔انہوں  نے کہا کہ چیئرمین نیب صاحب آج کل ڈیلی ویجز پر ہیں، چیئرمین نیب جاتے ہوئے اپنے اثاثے بتاتے جائیں۔

شاہد خاقان نے کہاکہ ایک خط آج کل بہت وائرل ہے،رجسٹرار نے خط لکھا ہے کہ چیف جسٹس کو تاحیات سیکیورٹی دی جائے، یہ خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ کیا حکومت کو نہیں پتہ چیف جسٹس کو کیسی سیکیورٹی دی جاتی ہے، سابقہ چیف جسٹس بلڈنگ گرانے کیلئے مشہور ہیں۔