کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد طویل ہے، چوہدری محمد یٰسین

231

اسلام آباد: صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیروممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے جس طرح یوم یکجہتی کشمیر منایا ہے۔

اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور یہ ثابت ہو گیا ہے کہ جدوجہد آزادی میں کشمیری تنہا نہیں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔البتہ حکومت پاکستان کی کشمیر پالیسی پر کشمیریوں کے تحفظات ہیں اور پی ٹی آئی کی حکومت مسئلہ کشمیر پر سودے بازی کر چکی ہے عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بننے کا جو اعلان کیا تھا وہ محض اعلان ہی تھا اور اس اہم موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بجائے وہ دورہ چین پر تھے جو کشمیریوں کے تحفظات کو یقینی بنا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا درد پوری پاکستان قوم سمجھتی ہے۔لیکن یہ درد حکمرانوں کو محسوس نہیں ہو رہا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عملاً مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال رکھا ہے کشمیری اس ایمبسڈر کو تلاش کر رہے ہیں۔جو اس موقع پر چین جا کر بیٹھ گیا ہے انہوں نے کہا کہ وقتی فوائد کیلئے شائد آپ کامیاب ہو جائیں لیکن یہ یاد رکھیں کہ تاریخ کسی کو معاف نہیں کیا کرتی۔

تاریخ بے رحم ہوا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو حکمران جلا وطن کرنے کیلئے تیار تھے لیکن ہمارے نڈر قائد کا یہ جملہ سب سے بھاری ہے کہ میں تاریخ کے ہاتھوں مرنے سے تختہ دار پر چڑھنا پسند کروں گا اور بھٹو شہید آج تاریخ میں زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے ڈکٹیٹر کا عدالتی قتل کروایا لیکن ذوالفقار علی بھٹو شہید تاریخ میں امر ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد طویل ہے اور لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کی اس جدوجہد میں جانوں کے نذرانے پیش کیے تھے اور شہداءکا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے کشمیری اپنی آزادی کی منزل پا کر رہیں گے۔