عمران خان کو نکالنے کیلیے پی پی ، ن لیگ ایک پیج پر ہیں، بلاول

277

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو نکالنے کیلیے پی پی‘ ن لیگ ایک پیج پر ہیں‘ ملک کو بچانا ہے تو عمران کو ہٹانا ہے‘ عمران خان کو ہٹانے کے لیے ماضی کے اختلافات کے باوجود بڑا قدم اٹھانے کے لیے اکھٹے ہیں۔ لاہور میں ن لیگی قیادت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد حکومت سے اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد بھی اٹھنا چاہیے، حکومت کو بھگانے کے لیے آئینی اور جمہوری طریقہ استعمال کریںگے‘ احتجاج کے ساتھ تحریک عدم اعتماد کا آپشن کھلا ہے‘ عوام جس معاشی بحران سے گزر رہے ہیں ان حالات میں فیصلہ بہت ضروری تھا۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزرا مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، حکومت اتنی نااہل ہے کہ کشمیر پر بھی اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکی‘تاریخ میں پہلی بار ہے کہ کشمیر ایشو پر حکومت کلیئرنہیں ہے‘ حکومت کی نالائقی اور نااہلی سب کے سامنے ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم نے اپنے اپنے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، ہم نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کو ویلکم کیا ہے اور شہبازشریف نے پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کو ویلکم کیا ہے، شہباز شریف کو کریڈٹ دیتے ہیں کہ انہوں نے ہمیں اکٹھا رکھا‘ سیاسی جماعتوں میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے‘حکومت کے خاتمے کے لیے تمام جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے ہم آگے جا کر مزید اتفاق رائے پیدا کرسکتے ہیں، ماضی کے اختلافات کے باوجود ہم بڑے مقصد کے لیے اکٹھے ہیں۔