پانچ فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی جائے گی، چوہدری محمد یٰسین

165

اسلام آباد:صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر وممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی جائے گی۔پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر سے ہوئی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر آج تک پی پی پی کی قیادت نے ہمیشہ کشمیر کے حوالہ سے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا۔کشمیری اپنے بنیادی حق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔یوم یکجہتی سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔دنیا بھر میں یوم یکجہتی کے حوالہ سے سیمینار،ریلیاں جلسے جلسو منعقد کرے گی۔اقوام عالم مسئلہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلائے۔

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی پوری قوم اور ساری سیاسی جماعتیں اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر یکجا اور متحد ہیں۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا سلسلہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے دور سے شروع ہوا اور آج تک جاری ہے۔ پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔پیپلزپارٹی کے تمام عہدیداران اپنے اپنے اضلاع سمیت ہیڈ کوارٹر پر یوم یکجہتی کشمیر منائیں۔

بھارت نے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کیلئے وہاں کی ڈیموگرافی بھی تبدیل کرنے کی کوشش کی مگر یہ مسئلہ پھر بھی ختم نہیں ہوا۔بھارت نے 2019میں مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی اور وہاں پر آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے بیالیس لاکھ ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے اور آئے روز بڑی تعداد میں کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔