ویکسی نیشن کے حصول کے حوالے سے یکم فروری سے میدانی علاقوں میں گھر ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا گیا

334

پشاور:چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت کووڈ ویکسی نیشن اور اومیکرون وائرس سے متعلق ویڈیو لنک پر ایک اعلی سطح اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز، ویکسی نیشن مہم میں تیزی لانے اور این سی او سی کی جانب سے جاری احکامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، تمام ڈویژنل کمشنرز، فوکل پرسن این سی او سی، کوارڈینیٹر ای او سی، ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس  کو بتایا کہ ڈور ٹو ڈور ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کے لئے تمام تر وسائل بروئے لاکر مہم کو کامیاب بنایا جائے۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو سخت تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کی کامیابی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وباء سے چھٹکارا تب ہی ممکن ہوگا جب تمام لوگ ویکسینیٹ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے جاری احکامات پر من و عن عمل کیا جائے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا و یکس  نیشن کے اہداف کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ صحت تمام ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔

سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ 19 اضلاع میں پہلی خوراک کا 70 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا گیا ہے جبکہ 17 اضلاع میں ویکسین کی دوسری خوراک کا 70 فیصد ٹارگٹ حاصل کیا گیا ہے جو کہ دئیے گئے ٹارگٹ سے کم ہے جس پر چیف سیکرٹری نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور  متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ این سی او سی اور صوبائی حکومت کی جانب سے دئیے گئے ٹارگٹ کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کے لیے ویکسی نیشن ٹیموں کی سخت نگرانی کی جائے اور غفلت یا سستی برتنے پر متعلقہ ویکسینیٹرزکے خلاف ایکشن لیا جائے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مدارس میں ویکسی نیشن مہم چلانے کے لئے وفاق المدارس کے ساتھ رابطے کے بارے تفصیلی بات ہوئی جس پر چیف سیکرٹری نے سیکرٹری اوقاف و حج کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں وفاق المدارس کے ساتھ رابطہ کریں اور رواں ویکسی نیشن مہم میں مدارس کے طلباء و طالبات کو بھی شامل کریں۔

اجلاس کے دوران ایم ٹی آئیز کی جانب سے سست روی اور عدم تعاون کے بارے اجلاس کو آگاہ کیا گیا جس پر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے سیکرٹری محکمہ صحت و دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی احکامات پر عمل نہ کرنے، سستی اختیار کرنے یا غفلت برتنے پر متعلقہ حکام کے خلاف سخت کاروائی کی جا ئے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹوٹل11 ہزار 500 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن میں 1ہزار 441 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ویکسی نیشن کی شرح بڑھانے کے لئے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی اور  کہا کہ تمام ضلعی افسران سمیت دیگر متعلقہ ادارے اومیکرون سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں۔

اس موقع پر ہسپتالوں میں مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات پر بھی بات کی گئی جس پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت  نے کہا کہ کورونا مریضوں کے لئے ہسپتالوں میں بیڈز، آکسیجن اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں یا اداروں میں کیسز سامنے آتے ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈاون لگاکر متاثرہ علاقوں میں آمدورفت پر پابندی لگائی جائے اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کرکے متاثرہ افراد سے ملنے والے لوگوں کے بھی ٹیسٹ کرائے جائے۔