نیب نے ہر ایک پر دہشت طاری کر رکھی ہے ، نامزد چیف جسٹس

170

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت طاری کررکھی ہے، احتساب بیورو کو قانون کے اندر اور اپنے دائرہ اختیار میںہی رہنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ میں سابق چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور اور دیگر افسران کے خلاف تحقیقات کالعدم کرنے کے فیصلے کے خلاف نیب اپیل پر سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔عدالت عظمیٰ نے وضاحت طلب کی کہ نیب بتائے کس اختیار کے تحت انکوائری دوبارہ شروع کی؟، اسپیشل پراسیکیوٹر نیب ناصر مغل نے کہاکہ ملزم زاہد عارف نے پلی بارگین کے ذریعے 17 ملین جمع کرائے، چیف سیکرٹری صاحبزادہ ریاض نور نے پلی بارگین کے باوجود ملزم کو ملازمت پر بحال کردیا۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ملزم کی پلی بارگین کرنے کے بعد نیب کا کیا اختیار بنتا ہے؟ ڈیپارٹمنٹ نے صحیح کیا یا غلط کیا نیب نے دوبارہ انکوائری کس قانون کے تحت شروع کی؟ نیب نے قانون کے اندر اور اپنے دائرہ اختیار میں ہی رہنا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ نیب نے ہر ایک پر دہشت طاری کر رکھی ہے، کیا نیب نے اس کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کرلیا ہے؟، نیب کی جانب سے ہر ایک کو بلا کر کہا جاتا ہے جواب جمع کرائیں۔ کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔