بلدیاتی قانون کےخلاف 30 جنوری کو نکلیں گے، مصطفی کمال

224
کراچی: چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (آن لائن) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا کہ بلدیاتی قانون کےخلاف 30 جنوری کو نکلیں گے، کراچی والے کثیر تعداد میں فوارہ چوک پر جمع ہوں کر اپنی بات منوائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران بھی موجود تھے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ اسلام آباد جا کر آواز لگائی کہ پیپلز پارٹی کا بلدیاتی ترمیمی قانون قومی سلامتی کا مسئلہ ہے نہ کہ صرف ایک کراچی کا۔ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی اگر انتظامی اور معاشی طور پر خودمختار نہیں کی گئی تو احساس محرومی بڑھے گی اور تباہی ہوگی۔ پیپلزپارٹی کو اگر یہ بلدیاتی ترمیمی قانون بہت بہتر لگتا ہے تو یہی قانون وفاق کو بھیج کر اسی فارمولے پر اختیارات اور وسائل کا معاہدہ کرنے کی ہمت کرئے۔ ہم نے پاکستان کے معاشی انجن اور سندھ کے دارالحکومت کے امن و امان کے لیے شہادتیں اس لیے نہیں دیں کہ پیپلز پارٹی کے ظالم اور متعصب حکمران اسے ذاتی جاگیر سمجھ کر تباہ کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری جدوجہد میں بلدیاتی ترمیمی قانون کے مسئلے کو لسانی مسئلہ نہیں بنایا، جو لوگ اس کالے قانون کو تحفظ دے رہے ہیں وہ لسانی فسادات چاہتے ہیں تاکہ اصل مطالبات پیچھے رہ جائیں اور سندھی مہاجر اور پٹھان کا مسئلہ آگے آجائے۔