جیکب آباد: احتجاج رنگ لے آیا ، نئے ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلیے انٹرویو

380

 

 

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) شہر ی اتحاد کے ا یک ماہ سے زائد ا حتجاج کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ایک سال بعد جمس کے ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے امیداروں کو 3فروری کو انٹرویو کے لیے طلب کر لیا گیا ، جمس ڈائریکٹر کی غیر قانونی تقرری پر 2فروری کو شہری کی درخواست پر ہائی کورٹ لاڑکانہ میں سماعت ہو گی ،ٹگڑ کو ہٹانے تک تحریک جاری رہے گی جمس میں اہل ڈائریکٹر کی تقرری تک جدوجہد کرتے رہیں گے،ڈاکٹر اے جی انصاری۔ تفصیلات کے مطابق شہر ی اتحاد کی جانب سے جمس اسپتال میں ڈائریکٹر عبدالوحد ٹگڑ کی غیر قانونی تقرری کے خلاف جاری احتجاج کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے جمس کے لیے اہل اور تجربہ کار ڈائریکٹر کی تقرری کے لیے ایک سال بعد درخواست دینے والے امیدواروں کو انٹر ویو کے لیے 3فروری کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے جیکب آباد کے سابق سول سرجن ڈاکٹر خالد حسین بھنگر کو بھی محکمہ صحت کی جانب سے انٹرویو کے لیے خط لکھ کر بلایا گیا ہے ۔رابطے پر ڈاکٹر خالد حسین بھنگر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال فروری میں اخبارات میں اشتہار کی اشاعت پر جمس میں ڈائریکٹر کی آسامی کے لیے درخواست دی تھی ،اب ایک سال بعد انٹرویوکال آئی ہے امید ہے کہ اس بار بلا تاخیر جمس میں اہل اور تجربہ کار ڈائریکٹر کی تعیناتی ہوگی ۔دوسری جانب شہری اتحاد کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد رنگ لے آئی ہے لیکن ہماری تحریک کرپٹ ڈائریکٹر جمس عبدالواحد ٹگڑ اور ٹھیکیدار شاہد شاہ کو ہٹانے تک جاری رہے گی جب تک جمس میں اہل اور تجربہ کار ڈائریکٹر مقرر نہیں کیا جاتا جدوجہد کرتے رہیں گے ،جبکہ شہری حماد اللہ انصاری ،عبدالحئی سومرو کی درخواست پر جمس اسپتال جیکب آباد میں ڈائریکٹر عبدالواحد ٹگڑ کی غیر قانونی تقرری کے معاملے پر ہائی کورٹ لاڑکانہ میں 2فروری کو سماعت ہوگی۔ اس حوالے سے عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ ،سیکرٹری صحت ،چیئر مین بورڈ آف گورننس اور دیگر کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیے ہیں۔