شہدادپور،بے امنی عروج پر ،چوروں نے 3 تاجروں کو لوٹ لیا

234

شہدادپور(نمائندہ جسارت)شہدادپور چوروں کے رحم وکرم پر ہفتے میں 3تاجر لٹ گئے رات کو تاجر کی دکان کا چور صفایا کرگئے، تاجروں میں خوف وہراس ،تاجر اتحاد کا شدید ردعمل چوروں کو گرفتار کرنے اور چوری شدہ مال ورقم برآمد کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور مین اسٹیشن روڈ نزد یوبی ایل اور میزان بینک سے تاجر اویس نربان کی دکان کے تالے نامعلوم چور توڑ کر ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی ودیگر سامان چوری کرکے فرار ہوگئے صبح تاجر اپنی دکان کھولنے آیا تو دکان کا شٹر کھلا پاکر پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے دکان کا معائنہ کیا این سی داخل کرکے چوروں کی تلاش شروع کردی ۔ اطلاع ملنے پر تاجر اتحاد کے صدر عامر بھٹی امان اللہ ناگرہ عبداللہ پنھور کے ہمراہ تاجروں کی کثیر تعداد دکان پر پہنچی واقعہ پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تاجروں کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سانگھڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کیا ہوا مال برآمد کرکے ملزمان گرفتار کیے جائیںبصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے میں سوائی روڈ سے ہندو تاجر کارومل کی کار اور سوائی روڈ سے جاوید قریشی کی دکان سے چور چوری کر کے فرار ہوگئے۔ پولیس ان کو بھی گرفتار کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے۔