سیکرٹری یوسی 46 مسائل کے حل کیلیے سرگرم عمل ہوگئے

57

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ہیومن رائٹس گروپ آف سندھ کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سماجی رہنما ندیم اقبال شیخ ایڈووکیٹ کی سال 2020ء سے یوسی 46سٹی میںلوگوں کے دیرینہ مسائل کے حل اور صفائی ستھرائی سمیت ترقیاتی کاموں کے لیے جاری کوششیں رنگ لے آئیں، یوسی سیکرٹری سمیت علاقے کے معززین صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال سے نمٹنے نالیوں کی ضروری مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی فوری تنصیب کا آغاز کرتے ہوئے سرگرم عمل ہوگئے ۔واضح رہے کہ ماضی میں یوسی 46 کا اکاؤنٹ مبینہ خرد برد کے تحت منجمد کردیا گیا تھا جس کے سبب علاقے میں عرصہ دراز سے ترقیاتی کام نہیں ہو رہے تھے اور علاقے میں نکاسی آب ، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کے علاوہ اسٹریٹ لائٹس کا بھی شدید فقدان تھا جس کی وجہ سے علاقے میں اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو رہا تھا۔اس گھمبیر صورت حال پر ندیم اقبال شیخ ایڈووکیٹ اور علاقہ معززین توقیر بھائی،دلاور پٹھان، بلال شیخ عرفان حیدر زیدی و دیگر نے یوسی 46 کے سیکرٹری ریاض راہوجو سے ملاقات کی جس پر انہوں نے ترجیح بنیادوں پر نالیوں کی ڈی شلٹنگ، ضروری تعمیرات، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی و ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جو آئندہ ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا۔ علاقہ مکینوں نے سیکرٹری یوسی 46 کے ان اقدامات اور علاقے کے معززین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح علاقہ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔