سندھ پیپلزپارٹی کی آمریت کی وجہ سے پیچھے رہ گیا،مشتاق عادل

185

ٹنڈوآدم ( نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر و سابق یوسی ناظم مشتاق احمد عادل، ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالغفور انصاری، مقامی امیر عبدالستار انصاری نے ٹنڈوآدم مرکز جماعت اسلامی میں منعقدہ یومِ تشکر کے پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ترمیمی بل میں غیر جمہوری ترامیم کو واپس لے کر بلدیاتی اداروں کے حقوق بحال کرنے کے لیے جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو عوام کی متحد صبر آزما جدوجہد کی فتح قرار دیتے ہوئے اہل کراچی، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سمیت ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں جنہوں نے سندھ کے عوام کی اُمنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے مطالبات منوانے کے لیے بھرپور جدوجہد کی، کراچی کے تاجروں، عفت ماب ماں بہنوں ،طلبا ، علماء سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے بیان میں کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ اس معاہدے کے نتیجے میں نہ صرف کراچی بلکہ صوبے کے بلدیاتی اداروں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات دیے جائیں گے۔ این ایف سی کے نہج پر پی ایف سی فوری طور پر تشکیل دیا جائے اور سندھ کے تمام چھوٹے بڑے اضلاع کو آبادی کے مطابق جائز وسائل فراہم کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کے تمام ضلعی قیادت اور مختلف اضلاع کے کارکنان، عوامی جدوجہد سے یہ بات طے ہوگئی ہے کہ کسی خاص مقصد کے لیے اللہ کی طاقت پر توکل رکھتے ہوئے جدوجہد کی جائے تو بالاآخر اللہ کی مدد ونصرت حاصل ہوتی ہے۔ سندھ میں وڈیراشاہی اور پیپلزپارٹی کی آمریت ہے جس کی وجہ سے سندھ تعلیم،صحت،صنعتی اور معاشی ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گیا ہے، جماعت اسلامی باب الاسلام سندھ کی عظمت کی بحالی اور نوجوان نسل کو تعلیم،روزگار سے آراستہ کرنے کی عوامی جدوجہد کو آگے بڑھائے گی۔