اسلام کیلیے ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیاں دیں،شکیل عطاری

155

حیدرآباد ( اسٹاف رپورٹر) دعوت اسلامی شعبہ تاجران کے نگران محمد شکیل عطاری نے کہا کہ دین اسلام کے لیے ہمارے اسلاف نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر پیارے آقا کریم ﷺ کی ہر ادا کو اپنایا کرتے تھے۔ ہم دنیا میں اپنا نام اور مرتبہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔وہ مدنی مرکز فیضان مدینہ آفندی ٹائون میں اسلامی بھائیوں کے ہفتہ وار اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔اجتماع میں اسلامی بھائیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محمد شکیل عطاری نے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر نے اپنا سب کچھ دین اسلام پر قربان کردیا۔ہمیں اللہ کی نافرمانی سے بچتے ہوئے اس کو راضی کرنے والے کام کرنا چاہیے،نزع کا معاملہ بڑا کٹھن ہے ایمان کی سلامتی کی دعا کرتے رہنا چاہیے،اللہ سے دعا کریں کہ وہ ہمارا ظاہر اور باطن کو اچھا کردے۔اجتماع سے دعوت اسلامی کی مجلس شوری کے رکن محمد فاروق جیلانی عطاری نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 4 فروری کو حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں دعوت اسلامی کے تحت سحری اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گااور 11 فروری سے اندرون سندھ کے اسلامی بھائی ایک ماہ کے قافلے میں سفر کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ماہ رجب عبادت کا بیج بونے،شعبان اشکوں سے آبیاری کرنے اور رمضان المبارک میں فصل کاٹی جاتی ہے، انہوں نے اسلامی بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ نیکی کی دعوت اور مدنی قافلوں میں سفر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری زندگی برف کی طرح پگھل رہی ہے ہمیں اس کا احساس تک نہیں۔ ہم جان بوجھ کر اپنی نمازیں قضاء کرتے ہیں،ہمیں نماز پنجگانہ کی پابندی کرنی چاہیے۔اجتماع کا اختتام صلواۃ و سلام پر ہوا۔