بلدیاتی قانون پر کامیاب مذاکرات ،حیدرآباد میں بھی یوم تشکر منایا گیا

386
 حیدرآباد: بلدیاتی قانون پر مذاکرات کامیاب ہونے پر یوم تشکر کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عقیل احمد خان کارکنان سے خطاب کررہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت سندھ حکومت اور جماعت اسلامی میں بلدیاتی کالے قانون پر مذاکرات کامیاب ہونے پر یوم تشکر حیدر چوک پر منایا گیا ۔ کارکنان نے شہریوں میں مٹھایاں تقیسم کیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خا ن ، نائب امراءعبدالقیوم شیخ ، ڈاکٹر سیف الرحمن ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ نے خطاب کیا ۔ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان ، مشتاق احمد خان ،جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی سمیت کارکنان و شہریوں بڑی تعداد میں شریک تھے ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کارکنان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن سمیت تمام کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں بلدیاتی کالے قانون کے خلاف مسلسل جماعت اسلامی کی جدوجہد کو کامیابی ملی ہے تمام مطالبات منظور کیے گئے ہیں ، شہری اداروں کو ان کے حق دیے گئے اور جو ادارے غصب کیے گئے تھے وہ سب واپس کیے گئے۔سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کو بحال کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ نے جدوجہد کی جیلیں کاٹیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹے ،طلبہ یونین سے ہی اچھی قیادت آگے آتی ہے وہ قیادت ملک کی خدمت کرتی ہی ۔ جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان ، پروفیسر غفور احمد ، عبدالستار افغانی جیسی قیادت ملک کی خدمت کے لیے پیش کیں۔جماعت اسلامی کا ہر کارکن اس بات کی صلاحیت رکھتا ہے کہ اگر انہیں اختیار ملے توخوف خداکے ساتھ انجام دیتا ہے ، لوگوں کی خدمت کرتا ہے ان کے مسائل حل کرتا ہے۔عقیل احمد خان نے کہا کہ اگر عوام اس شہر ، صوبے اور ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی ہی وہ پارٹی ہے جو اس ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ،زمین اللہ کی ہے بندے اللہ کے ہیں تو قانون بھی اللہ کا ہونا چاہیے۔