مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیرخطے میں امن ممکن نہیں‘حریت کا نفرنس

189

سری نگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سچ اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے اور بھارت فوجی طاقت کے بل پر اسے دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ تنازع کشمیر 1947ء میں تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اس تنازعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے اور دنیا بھر میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ادھر قابض انتظامیہ نے لوگوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں مسلسل26 ویں مرتبہ بھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔ بھارتی فوج نے سری نگر، کولگام اور شوپیاں اضلاع کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں او ر لوگوں کو ہراساں کیا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مظفرآباد میں جمعے کو ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ہیومن رائٹس جموں کشمیر کے زیر اہتمام ریلی کے شرکا نے بھارت مخالف نعرے لگائے۔