راوی پروجیکٹ پر عدالت عظمیٰ سے رجوع کرینگے،وزیراعظم

194
لاہور: وزیراعظم عمر ان خان کو رکھ جھوک کے دورے کے موقع پرراوی اربن ڈیولپمنٹ منصوبے سے متعلق بریفنگ دی جارہی ہے

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں راوی ریور پروجیکٹ صحیح طریقے سے پیش نہیں کیا گیا اس معاملے کو عدالت عظمیٰ میں لے جارہے ہیں۔ وزیراعظم دورہ لاہور کے بعد شیخو پورہ کے نزدیک رکھ جھوک جنگل پہنچے جہاں انہیں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ یہاں راوی ریور پروجیکٹ بنایا جارہا ہے، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ کتنا بڑا شہر بنایا جارہا ہے اور اسلام آباد کے بعد پہلی بار نیا شہر بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ راوی کا کنارہ سکڑتا جارہا ہے اس شہر کے بننے سے دریائے راوی کو بچایا جائے گا، راوی میں جانے والا سیوریج کا پانی ٹریمنٹ ہونے کے بعد صاف کر جائے گا، ہماری آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، ہمیں نئے شہروں کی ضرورت ہے، بڑے شہر پھیلتے جارہے ہیں اور وہ اسی طرح پھیلتے رہے تو ہم انہیں گیس، بجلی پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کرسکیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس طرح کراچی پھیلنے پر مسائل بڑھ رہے ہیں، لاہور بھی پھیلتا گیا جسے اب گندگی اور مسائل کا سامنا ہے، ہمیں ایسے پروجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے ورنہ کراچی کی طرز پر مسائل بڑھتے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بغیر منصوبہ بندی کے سوسائٹیاں بن رہی ہیں۔