گیلانی کا ووٹ کم ہونے سے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنادیا گیا،ڈاکٹر مصدق ملک

314

لاہور: مسلم لیگ(ن)کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی ایوان میں نہیں تھے، اپوزیشن کو شکست قائد حزب اختلاف کا ووٹ کم ہونے کے باعث ہوئی اور اس ووٹ کے کم ہونے سے حکومت نے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ،سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی ریاستِ مدینہ نے اپنے ہاتھوں سے غلامی کا طوق عوام کے گلے میں پہنایا ہے ، آج کے بعد نئی ایسٹ انڈیا کمپنی کے لارڈ گورنر اسٹیٹ بینک کو نہ کوئی حکومت نکال سکتی ہے اور نہ جوابدہ کر سکتی ہے،انہوںنے مزید لکھا کہ بل کے منظور ہونے سے نہ کوئی حکومت اسٹیٹ بینک سے پیسے لے سکتی ہے، نہ بتا سکتی ہے کہ ڈالر کی قیمت کیا ہو گی، واہ ریاست مدینہ!! ۔سینیٹر مصدق ملک سوال کیا کہ کمال ہے کہ کیا ہے؟ اسٹیٹ بینک کا بِل پیش ہوا، قائدِ حزبِ اختلاف یوسف رضا گیلانی غائب تھے، ایک ووٹ، یعنی گیلانی صاحب کا ووٹ کم ہونے سے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کا بل منظورہو گیا ،ان کا کہنا تھا کہ قائدِ حزب اختلاف بنانے والے اور اپوزیشن بنچ پہ بیٹھنے والے سینیٹرز نے بل کی والہانہ حمایت کی۔