بھارتی حکومت کا ہندو یاتریوں کو لے جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو اجازت دینے سے انکار

461

کراچی: بھارتی حکومت نے پی آئی اے کو جے پور کے لیے پرواز کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی 29 جنوری کو کراچی سے جے پور کی خصوصی پرواز شیڈول تھی اور کل صبح 7 بجے خصوصی پرواز پر 160 بھارتی یاتریوں کو کراچی سے جے پور جانا تھا، تاہم بھارتی حکومت نے قومی ائریلائن کی پرواز کو اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

پی آئی اے حکام نے بھارتی حکومت کی جانب سے پرواز کو اجازت نہ دیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے تھے اور پاکستان ہندو کونسل نے پی آئی اے کو یاتریوں کی پرواز کے لیے خط لکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارت نے پی آئی اے کو نئی دہلی کے لیے پروازکی اجازت نہیں دی تھی۔