جماعت اسلامی کا 29 جنوری سے 5 فروری تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

320

فیصل آباد: جماعت اسلامی نے 29جنوری سے5فروری تک ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کردیاہے5۔ فروری کو ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی صبح10 بجے چنیوٹ بازار چوک سے ریلی نکالی جائے گی جس میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوں گے۔شہر بھر سے جماعت اسلامی کے کارکن جلوسوںکی شکل میں اس ریلی میں شریک ہوں گے،3فروری کو آل پارٹیز کانفرنس ہوگی۔ 4فروری کو جماعت اسلامی کے کارکن نمازجمعہ کے موقع پر مساجد کے باہرعوام الناس کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔5 فروری تک شہر کے مختلف مقامات پرکشمیریوں کی تحریک آزادی سے اظہار یکجہتی کے لئے کیمپ لگائے جائیں گی ۔آزادی کشمیر کے قائدین اور مجاہدین کی تصاویرپر مشتمل فلوٹ چلایاجائے گا۔جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی موٹر سائیکل ریلی بھی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے اپنی زیرصدارت ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری لیاقت علی گل موجود تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم عوام مشکل اور کٹھن حالات میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے ہیں اور تحریک آزادی کشمیر کوبھرپورانداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ بھارت کی درندہ صفت فوج کے سامنے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کشمیریوں کی تیسری نسل بھی ہندوستان سے آزادی چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے دوستی اور تجارت اس وقت تک نہیں ہوسکتی جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا۔ بھارت سے دوستی کے خواب دیکھنے والوں کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کیا ہے۔ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی وارداتوں میں سب سے بڑاہاتھ بھارت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کاجذبہ حریت دبا نہیں سکا۔حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کوعالمی سطح پر بھرپورانداز میں اجاگر کرے۔ ہمیں امریکہ کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کابھی نوٹس لے۔ امریکہ کوپاکستان میں تو دہشتگردی نظر آتی ہے لیکن کشمیر میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام نظر نہیں آتا۔