فیشن انڈسٹری پر توجہ دے کر کاروبارمیں بہتر اضافہ کیا جا سکتا ہے، محمد شکیل منیر

363

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے چیمبر کے تعاون سے فیشن شو کے انعقاد کی اقراء یونیورسٹی کی تجویز  سرہاتے ہوئے کہا کہ  ایسے ایونٹس انڈسٹری اکیڈمیا روابط کو فروغ دینے میںمعاون ثابت ہوتے ہیں،فیشن انڈسٹری پاکستان میں بہتر فروغ پا رہی ہے ،اس پر خصوصی توجہ دے کر کاروبار اور برآمدات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ جمعرات کو   اقراء یونیورسٹی  اسلام آباد کے نائب صدر محمد اسلام نے ایک ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور طلباء کے ڈیزائن کردہ فیشن ملبوسات و مصنوعات کی نمائش کے لیے آئی سی سی آئی کے ساتھ مل کر ایک فیشن شو منعقد کرنے کے امور پر چیمبر کے عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کے متعلقہ شعبے کے ممبران بھی فیشن شو میں اپنی مصنوعات کی نمائش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیشن شو کے انعقاد کا مقصد یونیورسٹی طلبا کی طرف سے ڈیزائن کئے گئے فیشن ملبوسات و ٹیکسٹائل مصنوعات کو نمائش کیلئے پیش کرنا ہے تا کہ ان کو مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل ہو جبکہ مقامی فیشن انڈسٹری بھی باصلاحیت طلبا کو ملازمت کے مواقع فراہم کر سکے۔ انہوں نے کہ طلباء بہت سی اچھے معیار کی فیشن ملبوسات و مصنوعات ڈیزائن کر رہے ہیں جنہیں ان کی مارکیٹ کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔محمد اسلام نے کہا کہ طلبا ء کے تیار کردہ ڈیزائن انڈسٹری میں کھپت کیلئے آئی سی سی آئی اور یونیورسٹیوں کا قریبی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقرا یونیورسٹی اور آئی سی سی آئی کے درمیان قریبی تعاون طلباء کو فیشن انڈسٹری کے لیے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر اور جدید فیشن کے رجحانات متعارف کرانے کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے فیشن انڈسٹری کو ہنر مند افرادی قوت میسر آئے گی اور فیشن مصنوعات کی برآمدات کو بہتر بنانے کے علاوہ اس انڈسٹری کی بہتر ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اقراء یونیورسٹی کے طلباء کو مقامی صنعتوں میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرے تاکہ طلبا کو عملی تجربہ حاصل ہو۔ انہوں نے کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جن پر اقراء یونیورسٹی چیمبر کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہے۔  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے چیمبر کے تعاون سے فیشن شو کے انعقاد کی اقراء یونیورسٹی کی تجویز کو سراہا اور اسے کامیاب بنانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس انڈسٹری اکیڈمیا روابط کو فروغ دینے میںمعاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیشن انڈسٹری پاکستان میں بہتر فروغ پا رہی ہے جبکہ اس پر خصوصی توجہ دے کر کاروبار اور برآمدات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبے کیلئے تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد قوت تیار کرنے کیلئے مزید فعال کردار ادا کریں جس سے صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے گا اور ہماری برآمدات بہتر ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقرا یونیورسٹی آئی سی سی آئی کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کرنے پر غور کرے جس کے تحت چیمبر کے ممبران کے طلباء کو داخلہ اور ٹیوشن فیس میں رعایت فراہم کی جا ئاے ۔ اقرا یونیورسٹی کے نائب صدر نے اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے بھی اقرا یونیورسٹی کی جانب سے آئی سی سی آئی کے مل کر فیشن شو کے انعقاد کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور اسے کامیاب بنانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے فیشن انڈسٹری کو مزید فروغ دینے کے لیے بہت سی مفید تجاویز بھی دیں۔