اسلام آباد بلدیاتی انتخابات وزارت سائنس کی ووٹنگ مشین فراہم کرنے سے معذرت

156

اسلام آباد(آن لائن )وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ(ای وی ایم) مشینیں فراہم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جوابی خط ارسال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے جواب میں اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم مشینوں کی فراہمی سے معذرت کی۔جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خود مشین تیار نہیں کر سکتی، جو مشینیں بطور ماڈل دکھائی گئی تھیں وہ پرائیویٹ کمپنی کی تیار کردہ تھیں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ابھی تک کسی الیکٹرونک مشین کی خریداری تک نہیں کی۔ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذرائع نے بتایا کہ مشینوں کو پیپرا قوانین کے تحت خریدنا الیکشن کمیشن ہی کا استحقاق ہے،الیکشن کمیشن مروجہ قوانین کے تحت آنے والے انتخابات کے لیے مشینوں کی خریداری کا عمل شروع کرے۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے پروجیکٹ کے لیے پی سی ایس آئی آر میں جگہ فراہم کی جائے گی جبکہ الیکشن کمیشن کو ای وی ایم کے معاملے پر تمام قانونی تعاون کے لیے تیار ہےں ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت اینڈ ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ کمپنیوں سے ای وی ایم مشینوں کی خریداری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا،الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے 3900 مشینیں طلب کی ہوئی ہیں۔