سلیم مانڈوی والا کا صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلیے ترمیمی بل لانےکا اعلان

116

اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیا ترمیمی بل لانے کا اعلان کر دیاجمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید خان کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی جانب سے پیش کئے گئے ”پروٹیکشن آف
جرنلسٹ بل 2021“ کا جائزہ لیا جانا تھا، چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید خان نے استفسار کیا کہ حکومت کا جو جرنلسٹ پروٹیکشن بل آیا تھا وہ آپ کو پسند نہیں آیا ؟ وہ ایکٹ بن چکا ہے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہم اب ترمیمی بل لا رہے ہیں جو اگلے ہفتے آئے گا، ایک کمیشن ہونا چاہیے جس کے پاس صحافیوں کے مسائل حل کرنے کی اتھارٹی ہونی چاہیے، اب ہم ترمیمی بل لا رہے ہیں وہ بل کمیٹی میں آئے گا تو ہم یہ بل واپس لے لیں گے۔سینیٹرعرفان الحق صدیقی نے کہا کہ اخباروں میں کام کرنے والے لاتعداد صحافیوں کو تنخواہیں نہیں ملتی ، کمیشن پر کمیشن تو ہم بناتے جائیں گے لیکن ایسامکینزم بنائیں جو دانتوں کے بغیر نہ ہو،کوئی ایسا قانون بنائیے اس کے اندر کوئی طاقت ہو اور اس کے دانت ہوں اور وہ ہاتھی والے دانت نہ ہوں ، کمیشن ضرور بنائیں لیکن صحافیوں کی بنیادی ضرورت تنخواہ ہے وہ تنخواہ ہم کس طرح یقینی بنا سکتے ہیں ؟۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہماری کمیٹی نے کہا تھا کہ موجودہ قوانین کو تگڑا کریں۔