ملک میں فٹبال کھیل کی بہتری کیلیے مائیکل اوون کا دورہ اہم ہے ، گورنر سندھ

301
کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل سے انگلش فٹبالر مائیکل اوون ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں فٹبال کی بہتری کے لیے انگلش فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون کا دورہ کرنا پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو ان کے ذریعے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنا مقام بنانے کے لیے ایک ٹھوس پلیٹ فارم حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگلش فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون سے گورنر ہاؤس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن مارٹن ڈاسن، جی ایس وی کے سی ای او زیب خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان کے پاس صلاحیت کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ ہنر بھی موجود ہے، اگر ہم اپنے نوجوانوں کو تربیت کے لیے مواقعے فراہم کریں تو وہ یقیناً بین الاقوامی سطح پر اپنا اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کھیلوں کی بحالی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے لیے (گلوبل سوکر وینچرز) جی ایس وی کی کوششیں بھی قابل تعریف ہیں۔ مائیکل اوون نے گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے فٹبال ٹرانسفارمیشن پروگرام کی سربراہی میں بہت پرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو بالکل نئی سطح پر لے جانے کی ذمہ داری نبھانے پر بھی بہت خوش ہوں۔