کچھ بھی کر لیں ،نوازشریف واپس نہیں آئیں گے، چودھری شجاعت

195

لاہور ( آن لائن) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چاہے کچھ بھی کر لیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے، ان کی واپسی کے معاملے سے باہر نکلیں اور عوامی ایشوز کے حل پر توجہ دیں۔ جمعرات کے روز اپنے اےک بیان میںسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ سال کام کرنے کا ہے لیکن اگر ایسے کاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے۔ جو خود وزیراعظم کے امیدوار ہیں وہ نوازشریف کی واپسی کا کہیں تو یہ مضحکہ خیز بات ہے۔ جتنے پیسوں کا الزام نوازشریف پر ہے اس سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کر دیے گئے۔ واپسی کےلیے گارنٹی کی بات کرتے ہیں، زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا، اس کا اختیار صرف اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کل لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے پر لگے ہیں جس کا عنقریب وہ انجام خود دیکھیں گے۔ مہنگائی مہنگائی کا شور تو ہر طرف ہے لیکن اس کے خاتمے کےلیے کوئی تجویز نہیں دیتا۔کوئی بھی پارٹی یا لیڈر مہنگائی کے خاتمے کےلیے ایوان میں مثبت پلان دے تو اپنے ارکان کو کہوں گا کہ ان کی بات سنیں۔