پورٹ پر درآمدی سامان رکھنے کی مدت 10 روز کی جائے ،کاٹی

250

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم پر درآمدی اور برآمدی سامان رکھنے کی مدت 5 روز سے بڑھا کر 10 روز کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں کاٹی کے صدر نے درخواست کی کہ حکومت کی جانب سے 2003 سے قبل درآمد اور برآمدی سامان رکھنے کی 10روز کی اجازت تھی جسے حکومت نے بغیر کسی مشاورت کے 7 روز کیا اور پھر اس مدت کو مزید کم کرکے 5 روز پر مختص کیا گیا۔اس اقدام سے نہ صرف درآمد اور برآمد کنندگان بھاری جرمانے ادا کرنے پر مجبور ہیں بلکہ انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ سلمان اسلم کا خط میں کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کارگو اور شپنگ اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اس پر صرف 5 دن کنٹینر رکھنے کی اجازت بہت کم ہے۔