لگتا ہے سندھ کو منصوبے کے تحت لسانیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے، فضل الرحمٰن

118

کراچی،اسلام آباد(نمائندگان جسارت)پی ڈی ایم اورجمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے سندھ کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے لسانیت کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔گزشتہ روز کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنوں پر پولیس تشدد کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔مولانا فضل الرحمان نے عامر خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن کی شہادت پر افسوس کا اظہار اور مظاہرین پر پولیس کے تشدد کی مذمت بھی کی۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لگتا ہے سندھ کو باقاعدہ منصوبہ بندی سے لسانیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، معاملات کو افہام و تفہیم اور جمہوری انداز سے حل کیا جائے۔علاوہ ازیںمولانا فضل الرحمان سندھ اور بلوچستان میں پارٹی سرگرمیاں تیز کرنیکیلیے متحرک ہو گئے ، پی ڈی ایم کے سربراہ6 روزہ جماعتی دورے پر سندھ اور بلوچستانکیلیے روانہ ہو گئے ۔ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد سے کراچی کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان جے یوآئی سندھ کی مجلس عمومی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ مولانا کل (ہفتہ) کو حب چوکی میں بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔ 30 جنوری کو کراچی میں دو مقامات میں بڑے اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔ مولانا فضل الرحمان31 جنوری کو چمن میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔