کورونا پابندیوں میں 15 فروری تک توسیع ، مزید 25 مریض ہلاک

160

اسلام آباد،کراچی(نمائندگان جسارت) این سی او سی نے ملک بھر میں عائد کورونا پابندیوں میں 15 فروری تک توسیع کردی۔ کورونا مثبت کیسز کی 10 فیصد یا اس سے زائد شرح والے علاقوں میں پابندیاں برقراررہیں گی۔ملک میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پہلے سے عائد پابندیوں میں 15 فروری تک توسیع کردی گئی ہے جو پہلے 31 جنوری تک تھی۔ 10 فیصد سے زیادہ کورونا مثبت شرح والے شہروں میں اِن ڈور تقریبات ، ڈائن ان پر پابندی 15 فروری تک برقرار رہے گی۔ اندرون ملک فضائی سفرکے دوران کھانے اور اسنیکس کی فراہمی پر بھی پرمکمل پابندی ہوگی۔تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے اور 12 سال سے کم عمر بچوں کو متبادل دن اسکول بھیجنے کی شرط میں بھی 15 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔10 فیصد سے کم مثبت کیسز والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 ویکسین شدہ افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 ویکسین شدہ افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد اور ریلوے 80 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی۔دریں اثناء پاکستان میں عالمی وبا کورونا کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 25 افراد انتقال کر گئے اور 7539 نئے مریض بھی سامنے آئے۔ کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 63272 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 7539 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 25 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.92 فیصد رہی۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29162 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 93 ہزار 887 تک پہنچ چکی ہے۔اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1784 افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 12 لاکھ 72 ہزار 871 ہو گئی ہے۔کراچی میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 26.32 فیصد ریکارڈ ہوئی جبکہ لاہور میں یہ شرح 15.25 فیصد رہی۔گلگت بلتستان میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 21.43 فیصد ریکارڈ ہوئی جبکہ پشاور میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 35.89 فیصد تک پہنچ گئی۔