جعلی اکاؤنٹس‘ میونسپل کمشنر کورنگی سمیت 3 ملزمان کا 14 روزہ ریمانڈ

229

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر کی عدالت نے سابق میونسپل کمشنر کورنگی مسرور میمن، اکاؤنٹ آفیسر وکاش اور آڈٹ آفیسر دھرم ویرکو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ جمعرات کے روز سماعت کے دوران نیب حکام نے کراچی سے گرفتار تینوں ملزمان کو اسلام آباد لاکر عدالت پیش کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ انہیں کیوں گرفتار کیا گیا ہے؟، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ معاملہ جعلی اکاؤنٹس سے جڑا ہے، کورنگی میں آئل خریداری کے نام پر کرپشن ہوئی، جعلی اور اضافی بلوں سے غبن کیا گیا، ان کا شریک ملزم شفقت پہلے ہی پلی بارگین کرچکا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے ملزمان مسرور میمن ، دھرم ویر، وکاش کے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے گھروں پر چھاپہ بھی مارا ہے، جیولری کے سیکڑوں آرٹیکل، پراپرٹی دستاویزات اور نقدی ملی ہے، مزید تفتیش کرنی ہے، ملزمان سے پراپرٹی کی اصل دستاویزات بھی ریکور کرنی ہیں۔ ملزم مسرور میمن کے وکیل نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں تھی، نیب کے نوٹس کا جواب بھی دے رکھا تھا، 3 سال سے انکوائری جاری تھی، اب اچانک وارنٹ جاری ہوگئے۔ وکلا صفائی نے کہا کہ اگر ریمانڈ دینا ہی ہے تو صرف 3 دن کا دیں۔ عدالت نے ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کرتے ہوئے 10 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔