پی اے سی شہباز شریف کی ننگی کرپشن پر احتساب کرے، عالیہ حمزہ

180

اسلام آباد (آن لائن) شہباز شریف فیملی کے ملازمین کے اکاؤنٹس سے شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کے معاملے پر احتساب کیلیے پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ نے چیئرمین پی اے سی کو خط لکھ دیا، عالیہ حمزہ نے خط میں کہا کہ شریف فیملی کے ملازمین کے اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ہزاروں روپے تنخواہ والے ملازمین کے اکائونٹس سے کروڑوں روپے شہباز شریف کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے، ملازمین کے مرنے کے بعد بھی ان کے اکاؤنٹس سے شہباز شریف اور فیملی کے اکاؤنٹس میں پیسے آتے رہے، کیا پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن لیڈر کی اس ننگی کرپشن پر خاموش رہے گی؟ خط میں کہا گیا ہے کیا کوئی اخلاقی جواز بنتا ہے کہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر رہیں؟ ایک کرپٹ انسان اپوزیشن لیڈر نہیں ہوسکتا۔ عالیہ حمزہ نے مطالبہ کیا کہ پی اے سی شہباز شریف کی کرپشن پر احتساب کرے، شہباز شریف فیملی ملازمین کے اکاونٹس سے اربوں روپے کی منتقلی کا نوٹس لے۔ ایف آئی اے نے شریف فیملی کے 14 ملازمین کے 28 بے نامی اکاؤنٹس کا سراغ لگایا، کیا پی اے سی کا کام پبلک آفس ہولڈر کی کرپشن بے نقاب کرنا نہیں؟ شہباز شریف جواب دیں، ہزاروں روپے ماہانہ کمانے والے ملازمین کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟۔