کوڑا پھینکنے پر جرمانہ، آگ لگانے پر ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کا حکم

78

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے کوڑے کو آگ لگانے والوں کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کا حکم دے دیا۔ آئندہ گاڑی سے کوڑا پھینکنے والوں کو بھی جرمانہ ہو گا۔ لاہور ہائیکورٹ میں اسموگ کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے لاہور میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں کنٹینر ہونے چاہییں جن میں براہ راست کوڑا کرکٹ ڈالا جاسکے،آئندہ جو افسربھی آگ لگانے میں ملوث ہو اس کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے گاڑیوں سے کوڑا پھینکنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دے دیا، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ انہیں سری لنکا کے دورے پر معلوم ہوا کہ چیونگم پھینکنے پر 50ڈالر جرمانے کی تنبیہ کی گئی ہے،کوڑا پھینکنے والوں کو جرمانے کریں گے توہی حالات ٹھیک ہوں گے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے کہا کہ گاڑیوں سے کوڑا پھینکنے والوں کو پکڑنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جاسکتی ہے۔جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سب کچھ مجھ سے ہی کراتے رہیں گے محکمہ بھی اپنا کام کرے، تمام متعلقہ محکمے بہتری سے متعلق سفارشات اعلیٰ افسران کو پیش کریں۔لاہور ہائیکورٹ نے مجسٹریٹ کو ہر روز 2گھنٹے تجاوزات کیخلاف کیسز سننے کا بھی حکم دیا،انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ہفتہ میں 5روز تجاوزات سے متعلقہ کیسز سنیں۔