دوران ڈیوٹی پولیس اہلکار ہلاک، دیگر واقعات میں 8جاں بحق

296

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں حادثات واقعات کے دوران نومولود بچے ،خاتون اور پولیس اہلکار سمیت 9افراد جاں بحق اورایک پولیس افسر زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سینٹر ل آفس شاہراہ پاکستان میں ڈیوٹی کے دوران پولیس اہلکار اکبر ولد محمد عالم ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا ۔ زمان ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں افضال احمد ولد نور نبی شاہ جان بحق ہوگیا، مقتول مکینک کے دوکان پر موٹر سائیکل صحیح کروانے آیا تھا۔ سائٹ اے کے علاقے سی منز چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 52 سالہ ثمینہ جبین جاں بحق جبکہ اسکا 58سالہ شوہرمنظور زخمی ہوگیا۔منظورنیوی کاملازم ہے۔شاہراہ فیصلٹریفک حادثے میں 45سالہ عبد الکلیم عثمانی جاںبحق ہوگیا۔ ملیر کینٹ ٹینک چوک 6نمبر چیک پوسٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں24سالہ ساجد جاں بحق ہو گیا۔جمالی پل کے قریب زیر تعمیر فلیٹ میں بلاک سر پر لگنے سے45سالہ کامران جاںبحق ہو گیا۔عزیز آباد کے علاقے گلشن شمیم شیل پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار54سالہ عبدالشکیل ولد محمد جمیل گرکر جاں بحق ہوگیا ۔ پاکستان چوک کے قریب پارک سے 55سالہ شخص کی لاش ملی ، پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کیا متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ،پولیس نے لاش سرد خانے رکھوادی ہے، نیوکراچی فور کے چورنگی کے قریب جھاڑیوں سے نوزائیدہ بچے کی لاش ملی۔دوسری جانب سولجر بازار تھانے کی حدود مزار قائد ٹریفک سیکشن میں تعینات اے ایس آئی 50سالہ وزیر احمد روڈ ایکسیڈنٹ میں زخمی ہوگیا ۔ مزار قائد ٹریفک سیکشن کے ڈیوٹی انچارج عمران احمد نے بتایا کہ صبح ساڑے سات بجے کے قریب نمائش چورنگی پر کار سوار کو اے ایس آئی وزیر نے روکنے کی کوشش کی جس پر کار سوار نے اے ایس آئی کو ٹکر مار کر گرا دیا اور کار سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔زخمی کو ٹرامہ سینٹر سول اسپتال منتقل کیاگیاجہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔