پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 14 ملزمان گرفتار

173

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ مومن آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے 2 سپلائروں ملزم عمیر عرف ایرانی اور وارث شاہ کو گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 3 کلو گرام سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس ، مختلف پیکنگ میں آئس اورفروختگی رقم برآمد کرلی۔ضلع سٹی پولیس کے تھانہ کلا کوٹ، نبی بخش اور کلری پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کرلیا، پولیس نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان سے دو چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں۔ تھانہ مومن آباد کی حدود اورنگی ٹاؤ ن سیکٹر 10 میں مددگار 15 پولیس نے بروقت موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے علاقائی پولیس کے حوالے کردیا۔ تھانہ اورنگی ٹاؤن پولیس نے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ تھانہ اتحاد ٹاؤن پولیس نے فیکٹریوں اور گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 رکنی ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ، گرفتار ملزمان میں سرغنہ محمد مصطفی کو ساتھی محمد سلیم سمیت گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور سرقہ شدہ موبائل فونز برآمد کرلیے گئے۔تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تھانہ پی آئی بی کالونی پولیس نے عیسیٰ نگری سے موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم عارف مسیح کو گرفتار کرلیا۔تھانہ شاہراہ فیصل پولیس نے کارروائی کے دوران عادی مفرور ملزم علی ممتاز کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔