دعووں سے کام نہیں چلے گا،عوام مہنگائی سے پریشان ہیں،ثروت اعجاز

133

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلیے حکمرانوں نے نیک نیتی سے کام کیا تو مکمل ساتھ دیںگے،معاشی اشاریوں میں بہتری کے دعووں سے کام نہیں چلے گا ،غریب مہنگائی سے شدید پریشان ہیں،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھٹلانے کے بجائے حکومت خود احتسابی عمل کو یقینی بنائے۔قانون کی حکمرانی کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا ،آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کرپٹ عناصر کسی بھی صف میں ہوں بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے،ملک کے معاشی نظام کو مضبوط ومستحکم بنانے کیلیے حکمرانوں کو ایسی پالیسیاں بنانا ہوںگی جس سے غریب کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دیںگے،حکمران یاد رکھیں عوام کو بنیادی حقوق اور غربت سے چھٹکارا نہ دلایا تو پھر عوام ووٹ کی طاقت سے ہی محاسبہ کریں گے، خیبرپختونخواکے بلدیاتی الیکشن میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کو آئینہ دکھادیا ہے۔