بلوچستان : دہشتگرد حملوں میں 11 سیکورٹی اہلکار شہید

256

راولپنڈی/چمن (آئی این پی+آن لائن) بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں 11سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج کے 10جوان شہید ہو گئے جبکہ اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 3دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اظہار کہاکہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی بھی قیمت چکانے کو تیار ہیں۔ علاوہ ازیں چمن مشرقی بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار محمد نعیم شہید ہوگیا۔محمد نعیم ولد حاجی نصیب قوم عشیزئی بتایا گیا جو چمن کا مستقل باشندہ تھا ۔ڈپٹی کمشنر جمعہ داد مندوخیل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا۔