دفاعی چمپئن ملتان سلطانز کا کامیاب آغاز، کراچی کنگز کو شکست

244

کراچی (سید وزیر علی قادری)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 7 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چمپئن ملتان سلطانز نے کامیاب آغاز کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے 125 رنز کا ہدف 10 گیندوں قبل3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کیلنڈر ایئر 2021ء میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بنانے والے کپتان محمد رضوان نے اس باربھی شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔110 کے اسٹرائیک ریٹ سے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور5 چوکے شامل تھے۔ محمد رضوان نے ابتدائی 2 وکٹوں کے لیے شان مسعود اور صہیب مقصود کے ہمراہ بالترتیب 38 اور 63 رنز کی شراکت قائم کی۔ شان مسعود 26 اور صہیب مقصود 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور کپتان بابر اعظم نے 66 رنز کا محتاط آغاز فراہم کیا۔ شرجیل خان نے 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے جوئے کلارک بھی 26 رنز ہی اسکور کرسکے۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔تجربہ کار اسپنر عمران طاہر نے 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔قبل ازیں پاکستان سپرلیگ کے 7ویں سیزن کا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ آغاز کردیا گیا، کورونا کے باعث افتتاحی تقریب کو انتہائی مختصر رکھا گیا۔حسب سابق روایت عین مغرب اذان کے وقت اسپیکر سے اعلانات اور میوزک بجنا شروع ہوگئے تھے ۔قومی ترانے کے بعد اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتا رہا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کا وڈیو پیغام اسکرین پر دکھایا گیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل 7 کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے ساتھ ہی آسمان آتش بازی سے جگمگا اٹھا۔