راوی پروجیکٹ: عدالت کا پنجاب حکومت کی اپیل پر نمبر لگانیکا حکم

210

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے  راوی اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائر  اپیل پر عدالت عظمیٰ کے رجسٹرار آفس کو نمبر لگانے کا حکم دے دیا ہے۔ جمعرات کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی پروجیکٹ کالعدم قرار دینے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجازلاحسن نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ ہمارے سامنے نہیں آیا،عدالت عالیہ  کے تفصیلی فیصلے کے بعد ہی اپیل سن سکتے ہیں،لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل پر نمبر بھی نہیں لگا ہوا۔ عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار آفس کو مذکورہ بالا اپیل پر نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کالعدم قرار دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔