تاجروں کو آذر بائیجان اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی دعوت

284
کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیش کیے جانے والے ممکنہ مواقع اور مراعات کو اجاگر کرتے ہوئے کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کو الات فری اکنامک زون( اے ایف ای زیڈ) میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کی دعوت دی ہے جہاں کوئی ویلیو ایڈڈ ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس یا کوئی اور کارپوریٹ ٹیکس لاگو نہیں ہے اور غیر ملکی ملکیت پر کوئی پابندی بھی نہیںہے۔ پاکستانی سرمایہ کار آذربائیجان میں اپنے کاروباری یونٹس قائم کر کے مکمل انفرااسٹرکچر، ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات کی دستیابی کے علاوہ ضابطے میں کمی اور میکرو اکنامک ماحول ، انسانی سرمائے، لیبر مارکیٹ،انفرااسٹرکچر اور یوٹیلٹیز، سرمایہ کاروں کے تحفظ، غیر ملکی تجارت کی سہولت، ٹیکنالوجی اور اختراعات میں جاری اصلاحات کی وجہ سے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کا تجربہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی کے چیئرمین ضیاء العارفین، سابق صدر کے سی سی آئی مجید عزیز، آذربائیجان سفارتخانے کی سیکنڈ سیکرٹری شہبالا کریموف، تھرڈ سیکرٹری، میڈیا اتاشی آذربائیجان ایمبیسی ایلچن مہدییف اور کے سی سی آئی کی مینیجنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔آذربائیجان کے سفیر نے کہا کہ آذربائیجان میں مجموعی طور پر 2137 پاکستانی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جو صنعتی، تجارتی خدمات، تعمیراتی، نقل و حمل اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت اہم شعبوں میں فعال ہیں جبکہ1995-2021کے دوران آذربائیجان میں پاکستانی کمپنیوں کی مجموعی سرمایہ کاری 4.2 ملین ڈالر رہی ہے۔