عدالت عظمیٰ نے راوی اتھارٹی کی بحالی کا عبوری حکم واپس لے لیا

308

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی بحالی کا عبوری حکم واپس لے لیا۔عدالت نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو کام سے روکنے کے لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹا دیں۔ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا کہ راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، پنجاب حکومت چاہے تو ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ قانون کے تحت حتمی فیصلے میں عبوری حکم ضم ہوچکا ہے، حتمی فیصلہ آنے کے بعد عبوری حکم کیخلاف اپیلیں غیر موثر ہوچکی ہیں۔وکیل روڈا نے کہا کہ دو ہفتے کا وقت دیں ہائیکورٹ احکامات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے اپیلوں کو لٹکانے کا کوئی فائدہ نہیں، کوئی قانونی نکات اٹھانا چاہتے ہیں تو فیصلے کیخلاف اپیل میں اٹھا دیں۔