ایم کیوایم ذلت آمیز شکست سے بچنے کیلئے تعصب پھیلارہی ہے،سعید غنی

249

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ذلت آمیز شکست سے بچنے کے لیے تعصب پھیلا رہی ہے‘پی ایس ایل کی سیکورٹی کے پیش نظر دھرنے کومنتشر کرنے کیلیے ایکشن لینا پڑا‘بلدیاتی قانون کا مسئلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ اسمبلی میں حل ہوگا‘ایم کیوایم مہنگائی پر وفاق کے خلاف احتجاج کیوں نہیں کرتی ؟‘پی ٹی آئی حکومت کرپشن میں بھی بازی لے گئی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی احتجاج کے خلاف نہیں‘ہم بلدیاتی قانون پر بات چیت کے لیے تیار ہیں‘احتجاج کریں لیکن عوام کا احساس بھی کریں‘ ایم کیو ایم پاکستان نے شارع فیصل سے پریس کلب تک ریلی کا اعلان کیا تھا لیکن اچانک انہوں نے روٹ تبدیل کیا اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف بڑھنے لگے ‘ حکام نے ان کے ساتھ مذاکرات کیے اور انہیں پریس کلب کے سامنے احتجاج کرنے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کردیا‘ایم کیو ایم والے اپنی ذلت آمیز شکست سے بچنے کے لیے صوبے میں لسانیت اور تعصب پھیلا رہے ہیں اور جس طرح گزشتہ روز وسیم اختر، آفاق احمد اور دیگر نے جو باتیں کہی ہیں اس کے بعد وہ اپنے آپ کو لسانی سیاست سے دور نہیں کہہ سکتے۔ مکیش کمار چائولہ نے کہا کہ گورنر سندھ کاسندھ حکومت پر فلورملز کو گندم کم فراہم کرنے کا الزام درست نہیںہے‘ گورنر سندھ کے دائیں بائیں بیٹھے اے ٹی ایمز غلط فیڈنگ اور غلط اعداد و شمار فراہم کرکے انہیںمس گائیڈ کررہے ہیں ‘ حقیقت یہ ہے کہ صوبے میں تمام فلور ملز کو ان کے کوٹے کے حساب سے کوٹا فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہاکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں پاکستان کی جو ریکنگ آئی ہے اس نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں‘2018ء میں یہ نمبر 117 تھا اور اب 3 سال میں یہ 140 کو کراس کر گیا ہے اور اگر2 سال مزید یہ حکومت رہی تو یہ 160 تک پہنچ جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے‘پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لیکن جہاں عوام کے حقوق سلب کرکے انہیں مشکلات میں مبتلا کیا جائے تو یہ عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔