بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ ،مرکزی تقریب سے بیرونی معززین غیر حاضر

227

نئی دہلی/سری نگر/لندن(صباح نیوز+آن لائن+ اے پی پی ) بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پرمقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم سیاہ منایا۔نئی دہلی میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں غیر ملکی معزز مہمانوں اور مندوبین کے وفد نے کورونا وائرس کے پھیلائوکے سبب شرکت نہیں کی۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ پرعام ہڑتال کی گئی ، تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی مفلوج رہا۔کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا ،وادی میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی ۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور ان کی مکمل حمایت میں مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔اس موقع پر بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی اور عالمی برادری سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں ضلع شوپیاں کے علاقے نوگام چیک میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک حملے میں 2 بھارتی فوجی زخمی ہو گئے،جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب برطانیہ میں کشمیری اور سکھ تنظیموں نے ایک بار پھر بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ بھارت کو مقبوضہ کشمیراورپنجاب سے فوجی انخلاپر مجبورکیاجائے۔