لاہور میں ماں اور تین بچوں کے قتل کیس کا ڈراپ سین، بیٹا ہی قاتل نکلا

2043

لاہور: کاہنہ میں خاتون ڈاکٹر سمیت تین بچوں کے قتل کیس کا ڈراپ سین ہوگیا، قاتل کرنے والا کوئی اور نہیں بلکہ زندہ بچ جانے والا بیٹا ہی نکلا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کے علاقے کاہنہ گجومتہ میں چند روز قبل خاتون ڈاکٹر سمیت تین بچوں کے قتل کی لرزہ خیز واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، قاتل بچ جانے والا چودہ سالہ بیٹا ہی نکلا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس سے آلہ قتل بھی برآمد ہوا ہے اور ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ زین واقعے کے روز نچلی منزل پر ہونے کی وجہ سے بچ جانے کا ڈرامہ کرتا رہا تاہم معاملہ کی حقیقت سامنے آنے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ زین نے پب جی گیم کھیلنے سے منع کرنے پر ماں اور 3 بہن بھائیوں کو قتل کیا، ملزم نے پولیس کو دوران تفتیش بتایا کہ وہ پب جی گیم کھیلنے کی وجہ سے نفسیاتی مریض ہوچکا تھا۔

یاد رہے چند روز قبل گجومتہ میں گھر کی بالائی منزل پر ناہید اور اس کے تین بچوں کی لاشیں ملی تھیں جنھیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ میں ایک بچہ زین زندہ بچ گیا تھا جس نے گھر کے دوسرے حصے میں ہونے کا ڈرامہ رچایا۔