میکسیکو میں دو ہفتوں کے اندر خاتون سمیت 3 صحافیوں کو قتل کر دیا گیا

243

شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں دو ہفتوں کے اندر تین صحافیوں کو قتل کر دیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دو روز قبل ایک خاتون صحافی لارڈیس میلڈوناڈو لوپیز کو گولی مار کر قتل کیا گیا، صحافی اپنی جان کو لاحق خطرات سے حکام کو  پہلے ہی آگاہ کرچکی تھیں۔خاتون صحافی کو شہر تیجوانا میں ان کی کار کے اندر گولی مار کرقتل کیا گیا،حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔کرپشن اور سیاست پر رپورٹنگ کرنے والی خاتون صحافی پر ماضی میں بھی کئی بار حملے ہو چکے تھے۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے خاتون صحافی کے قتل پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس سے قبل 10 روز کے اندر دیگر شہروں میں بھی 2 مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے 2 صحافیوں کو قتل کردیا گیا تھا۔