میٹا “فیس بک” نے مصنوعی ذہانت کیلئے طاقتور سپر کمپیوٹر بنالیا

758

کیلی فورنیا: میٹا کمپنی نے مصنوعی ذہانت (Artificial Inteligence) کے لیے ایک خاص اور طاقتور سپر کمپیوٹر تیار کرلیا ہے۔

چند ماہ قبل اپنا نام ’فیس بُک‘ سے تبدیل کرکے ’میٹا‘ بننے والی کمپنی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کےلیے ایک خاص اور طاقتور سپر کمپیوٹر تیار کرلیا ہے جو اپنے ابتدائی مرحلے پر ہی دنیا کے تیز رفتار سپر کمپیوٹروں میں شمار ہونے لگا ہے۔ اس سپر کمپیوٹر کو ’اے آئی ریسرچ سپر کلسٹر‘ (AI RSC) کا نام دیا گیا ہے۔

اس سپرکمپیوٹر کی رفتار کتنی ہے؟ اس بارے میں تفصیلات تو سامنے نہیں آسکی، تاہم اتنا ضرور معلوم ہوا ہے کہ یہ این ویڈیا کمپنی کے 6,080 جدید ترین ’اے 100 جی پی یوز‘ کو آپس میں مربوط کرکے تیار کیا گیا ہے۔

آئندہ چند ماہ کے دوران اس میں مزید 10,000 جی پی یوز کا اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد یہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا کا طاقتور ترین سپر کمپیوٹر بھی بن جائے گا۔

اپنی موجودہ حالت میں بھی یہ کسی سے کم نہیں کیونکہ اپنے ’کوانٹم انفنی بینڈ‘ نیٹ ورک کی بدولت یہ 200 گیگابٹس فی سیکنڈ کی رفتار سے ڈیٹا منتقل کرسکتا ہے۔

یادداشت کی بات کریں تو اس میں 175 پی-ٹا بائٹس (175,000 ٹیرا بائٹس) جتنا ڈیٹا محفوظ کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کی کیشے 46 پی-ٹا بائٹس جبکہ ’نیٹ ورک فائل سسٹم‘ (این ایف ایس) کے تحت یہ مزید 10 پی-ٹا بائٹس جتنا ڈیٹا محفوظ کرسکتا ہے۔