پاکستان اسٹاک، سرمائے میں 13 ارب روپے سے زائد کی کمی

489

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میںمنگل کو بھی کاروباری اتار چڑھائو کے بعد مندی کی لپیٹ میں آ گئی ،کے ایس ای100ا نڈیکس45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کرنے کے بعد44800پوائنٹس کی سطح پر واپس آگیا اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے13ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 77کھرب روپے سے گھٹ کر76کھرب روپے کی سطح پر آگیا جبکہ48.34فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز تیز ی کے ساتھ ہوا ،اور ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کرتا ہوا 45256پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا مگر منافع کے حصول کے لیے بروکریج ہائوسز کی جانب سے فروخت کے دبائو پر انڈیکس کی الٹی گنتی شروع ہو گئی اور مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کے ایس ای100انڈیکس میں 36.14پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 44923.91پوائنٹس سے گھٹ کر 44887.77پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 30.27پوائنٹس کی کمی سے 17726.54 پوائنٹس سے گھٹ کر 17696.27پوائنٹس ہو گیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30786.29 پوائنٹس سے کم ہو کر30734.28پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں13 ارب 2کروڑ25لاکھ 38ہزار 561روپے کی کمی واقع ہوئی۔