سنگل ونڈو سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے ، محمد ادریس

429
کے سی سی آئی کے زیراہتمام پاکستان سنگل ونڈو آگاہی سیشن کی نظامت چیف ڈومین آفیسر و ایڈیشنل کلیکٹر کسٹم نوید عباس میمن کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے زیراہتمام پاکستان سنگل ونڈو ( پی ایس ڈبلیو) پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا تاکہ اس اہم سہولت کے مجموعی آپریشنز کے بارے میں تکنیکی آگاہی پیدا کی جا سکے اور شرکاء کو مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے اور پاکستان کسٹمز کے متعلقہ افسران سے کے ساتھ مناسب جواب حاصل کرنے کا موقع میسر آسکے۔سیشن کی نظامت چیف ڈومین آفیسر و ایڈیشنل کلیکٹر کسٹم نوید عباس میمن نے کی جبکہ آن لائن زوم سہولت کے ذریعے منعقد کیے گئے سیشن میں کے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، چیئرمین کسٹمز اینڈ ویلیوایشن سب کمیٹی محمد عارف لاکھانی،سابق سینئر نائب صدر محمد ابراہیم کوسمبی، سابق نائب صدر ناصر محمود، کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی اور جنرل باڈی کے اراکین کے علاوہ پاکستان بھر بشمول سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد سے250سے زائد افراد نے آن لائن زوم سہولت کے ذریعے شرکت کی۔چیف ڈومین آفیسر نوید عباس میمن نے سیشن سے خطاب میں کہا کہ پاکستان سنگل ونڈو پورٹل تاجروں کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے پر بنیادی توجہ کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تجربے کو مدنظر رکھ کر معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ سرحد پار تجارت میں وقت کی لاگت اور پیچیدگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تجارت سے متعلق کنٹرول کے مؤثر نفاذ کے لیے انٹیگریٹڈ رسک مینجمنٹ ( آئی آر ایم) اپروچ اپنانے میں دیگر سرکاری محکموں کی بھی مدد کرتا ہے۔قبل ازیںکے سی سی آئی کے صدر محمد ادریس نے آگاہی سیشن کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے پی ایس ڈبلیو اقدام کو سراہا جو یقینی طور پر انسانی مداخلت کو کم کرنے، ہراساں کرنے اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔